زاہد اقبال رانا: گوجرانوالہ کے تھانہ سول لائن کے علاقے پکی فتو منڈ میں پراپرٹی کے لین دین کے تنازعے پر دو نوجوانوں کو مبینہ طور پرگرم تیل کی کڑاہی میں پھینک دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پراپرٹی کے لین دین پر ملزمان عثمان، ذیشان اور دیگر کا عبدالرزاق سے جھگڑا چل رہا تھا۔ ملزمان رزاق کی تکہ شاپ پر آئے لیکن اس کی غیر موجودگی میں دکان کے ملازمین کو زد و کوب کرنا شروع کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے دکان پر موجود نوجوانوں ابو بکر اور اس کے ساتھی کو زبردستی پکڑ کر گرم تیل کی کڑاہی میں ڈال دیا جس سے دونوں کے چہرے اور بازو بری طرح جھلس گئے۔
واقعے کے بعد متاثرہ نوجوان کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس پر ایس ایچ او سول لائن امتیاز شاہین نے فوری ایکشن لیتے ہوئے دو مرکزی ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق زخمی نوجوانوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔