ویب ڈیسک: امریکا نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ نئی حکومت معیشت کی بحالی اورمستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر کام کرتے رہیں گے۔
نجی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی معیشت کی تعمیر نو کے لئے حکومت کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گا۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکا خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر دوطرفہ طور پر کام کرتا رہے گا۔
ترجمان نے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی اپنے امریکی ہم منصب سے سلسلہ وار ہونے والی ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے آئی ایم ایف کے ہونے والے مذاکرات کا بھی خیر مقدم کرتا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب وزیر خارجہ بلاول بھٹو خصوصی دورے پر پاکستان سے نیویارک پہنچے ہیں۔ ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے بتایا کہ عالمی برادری کے سامنے مختلف مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے آیا ہوں۔
اس دورے میں اقوام متحدہ کے مختلف اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اپنے امریکی ہم منصب سے بھی دو بدو ملاقات کریں گے اور دورے کے دوران حکومت کی معاشی پالیسی سے متعلق عالمی برادری سے بھی گفتگو کریں گے۔
FM ???????? @BBhuttoZardari arrived NewYork today to participate @UN 's upcoming Ministerial “Global Food Security Call to Action”; & UN Security Council to speak on humanitarian needs & longer-term development efforts to save lives & build resilience for the future.#PakFMAtUN pic.twitter.com/I2eKHKYtDh
— Pakistan Consulate General New York (@PakinNewYork) May 17, 2022
ادھر واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ایک توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 1 بلین ڈالر کی قسط کے اجراء کے معاہدے کے لیے دوحہ میں جائزہ مذاکرات کا آغاز آج سے ہوگا۔
رواں ہفتے جاری رہنے والے اس جائزے میں پاکستان کے پاس آئی ایم ایف کو ڈالر کی قلت سے دوچار معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے 6 بلین ڈالر کے رکے ہوئے پیکج کو بحال کرنے پر راضی کرنے کا نادر موقع ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا خیال ہے کہ امریکا نے پاکستان کے لیے حمایت کا دو ٹوک اظہار کرکے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تقویت بخش دی ہے اور اس امریکی حمایت سے پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحانات کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔