جنید ریاض: محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم خشک رہے گا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔دن کے اوقات میں درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی کا احساس بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سورج کا پارہ ہائی ہوگیا ہے اور شہر کا موسم خشک رہنے کا امکان ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شام کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز بھی شہر کا موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اورمئی کے آخری ہفتے میں موسم گرم ترین رہے گا جبکہ آئندہ ہفتے بارش کے امکانات بھی موجود ہیں۔ دو روز قبل شہر کا کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا اور ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد رہا جبکہ شام میں نمی کا تناسب 41 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ٹریفک میں کمی اور فیکٹریوں کی بندش سے باغوں کے شہر لاہور کی فضا میں 10 سال بعد بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے، شہر میں فضائی آلودگی کم ہوگئی ہے، پہلی بار صوبائی دارالحکومت لاہور میں ائیرکوالٹی انڈیکس انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 50 تک پہنچ گیا ہے، شہر کو گزشتہ ایک ہفتے میں مسلسل گرین لائن میں شامل کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ لاہور کو آلودہ ترین شہر کہا گیا تھا، آلودگی دنیا بھر کا مسئلہ ہے، وہ چاہے فضائی ہو، آبی ہو، موسمیاتی ہو یا پھر زمینی لیکن شہر لاہور میں دیگر آلودگیوں کیساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے، انسانی سرگرمیوں کو اس آلودگی کی بڑی وجہ کہا جاسکتا ہے۔