(علی رامے) کرپشن کرنے والے افسران کی شامت آگئی، وزیر اعلیٰ پنجاب نےسی ایم آئی ٹی ٹیم کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔
سابق دور حکومت میں بنائی گئی وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم کو اب موجودہ وزیراعلیٰ نے بھی اہم ٹاسک دے دیا، ٹیم کو کرپشن کرنے والے افسران کے متعلق رپورٹس تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سی ایم آئی ٹی ٹیم کو اپنے ضلع میں جاری منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کے احکامات جاری کیے ہیں، اس ٹاسک میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں جاری منصوبوں پر مانیٹرنگ رپورٹس تیار کی جائیں گی، منصوبوں میں افسران کی کرپشن اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال پر بھی رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں تمام صوبائی محکموں کو سی ایم آئی ٹی ٹیم سے مکمل تعاون اور مطلوب دستاویزات فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔