سٹی 42: وزارت خزانہ کے مطابق ملک میں پیٹرول کے وافر ذخائر جبکہ ڈیزل کا 24 دن کا ذخیرہ موجود ہے ۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد کا جائزہ لیا گیا ۔ وزارت خزانہ کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی مستحکم انداز میں جاری ہے۔ ملک میں ڈیزل کا ذخیرہ 24 دن کے لیے کافی ہے جبکہ ملک میں پیٹرول کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ علاقائی کشیدگی کے باعث آئل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال ہے ۔ خام تیل کا ایک جہاز کراچی پہنچ گیا ہے ۔خام تیل کا دوسرا جہاز راستے میں ہے۔ مزید آئل کارگو کی آمد سے سپلائی برقرار رکھنے کے اقدامات کیے جا رہے ییں ۔ مہنگی درآمدات سے ایل سیز کا حجم بڑھ گیا ہے۔درآمدات مہنگی ہونے سے مالی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ وزارت خزانہ نے اسٹیٹ بینک اور بینکوں کو درآمدی سہولت دینے کی ہدایت کی ۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب میں اضافہ ہو رہاہے۔ ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عید اور فصلوں کی کٹائی کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی جاری رہے گی ۔اس دوران آئل کمپنیوں کو مکمل آپریشنل رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی ۔ پیٹرول اسٹاک کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کر لیا گیا ۔ عالمی حالات پر روزانہ نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔