اویس کیانی :ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہےکیونکہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت بڑھانے کی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی ایک روپے 64 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کے لیے درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں دائر کی گئی ہے۔ یہ درخواست سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے فروری 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت جمع کرائی گئی۔
نیپرا اس درخواست پر 31 مارچ کو سماعت کرے گا، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر درخواست منظور ہو گئی تو اس کا اطلاق بجلی صارفین پر آئندہ بلوں میں کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں اور بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث ٹیرف میں ردوبدل کیا جاتا ہے، تاہم اس سے صارفین پر مالی بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیپرا کی منظوری کے بعد ہی قیمتوں میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔