ثمرہ فاطمہ:شہر میں موسم خوشگوار ہو گیا، افق بادلوں کی لپیٹ میں آ گیا جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 مارچ تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید برآں ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو بارش کے امکانات کو مزید بڑھا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر کے مختلف حصوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
صوبۂ پنجاب کے مختلف شہروں فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، رحیم یارخان، جہلم، بورے والا، گوجرہ، جہانیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت کئی شہروں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
صوبۂ سندھ میں جیکب آباد، گھوٹکی، اوباڑو، میرپور ماتھیلو، ڈہرکی، لاڑکانہ، دادو، پڈعیدن اور میانی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی طرح صوبۂ خیبر پختون خوا کے شہر بنوں، صوابی، نوشہرہ، ٹانک، کرک اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، چاغی، نوکنڈی، دالبندین، توبہ اچکزئی اور مستونگ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے۔
آزاد کشمیر کے بھمبر، کوٹلی اور آٹھ مقام سمیت زیریں و بالائی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔