سٹی 42 : وفاقی حکومت کی جانب سے متعدد افسران کے تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں جبکہ معطل کئے گئے ایک افسر کو ملازمت پر بحال کر دیا گیا ہے۔
سیکریٹری، قومی کمیشن برائے وقار نسواں حمیرا ضیاء مفتی کا تبادلہ کر کے انہیں ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ جوائنٹ سیکریٹری، مذہبی امور ڈویژن محمد بخش سانگی کا تبادلہ کر کے انہیں جوائنٹ سیکریٹری قومی صحت ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔
مزید برآں، محکمہ داخلہ و قبائلی امور خیبرپختونخوا کے سینئر پروبیشن آفیسر (گریڈ 17) شریف خان کی خدمات 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، خیبرپختونخوا ریجن کے سپرد کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں، آفس مینجمنٹ گروپ کے گریڈ 18 کے وقاص علی خان، جو 24 مارچ 2026 کے نوٹیفکیشن کے تحت معطل تھے، کو فوری طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی ایسوسی ایٹ پروفیسر (گریڈ 20) ڈاکٹر سائرہ طارق کی خدمات وزارت قومی صحت کے ماتحت ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد کے سپرد کی گئی ہیں، جہاں وہ ڈیپوٹیشن پر 3 سال یا مستقل تعیناتی تک خدمات انجام دیں گی۔
ایک اور نوٹیفیکشن کے مطابق، سیکرٹریٹ گروپ، گریڈ 19 کے عظمت علی، جو 23 اپریل 2026 سے مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ میں ڈیپوٹیشن پر تعینات تھے، کو باقاعدہ بنیادوں پر ڈپٹی سیکرٹری، مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ مقرر کیا گیا ہے، ان کی تقرری 8 جون 2026 سے نافذ العمل تصور کی جائے گی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جملہ احکامات کے باضابطہ نوٹیفیکشن جاری کر دیئے ہیں۔