ویب ڈیسک:شہریوں اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کے تحفظ کے لیے موٹروے پولیس نے ملک بھر میں فائر سیفٹی سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ٹرانسپورٹ سیکٹر میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق نئی ہدایات کے تحت تمام مسافر اور مال بردار گاڑیوں میں آگ بجھانے والے فعال آلات ( فائر ایکسٹنگوئشر) رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ اقدام دورانِ سفر ممکنہ آگ لگنے کے حادثات سے نمٹنے اور جانی و مالی نقصان کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سیفٹی اسٹینڈرڈز کو بہتر بنانے کے لیے مہم کو ملک گیر سطح پر نافذ کیا جا رہا ہے، تاکہ ٹرانسپورٹ نظام کو زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق گاڑیوں میں نصب فائر سیفٹی آلات کا فعال ہونا بھی ضروری ہوگا، جبکہ ہدایت پر عمل نہ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف 24 جون کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فائر سیفٹی آگاہی مہم 24 جون تک جاری رہے گی، جس دوران ڈرائیورز کو حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔