(عابد چودھری ) لاہور میں لرزہ خیز وارداتوں کا ہونا معمول بن چکا ہے، سگے بہن، بھائی، کزن، عزیز و اقارب ایک دوسرے کے خون کے پیاس ہوچکے ہیں، رائیونڈ میں بھائی نے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے بہن اور بہنوئی کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دوہرے قتل کا واقعہ رائیونڈ کے نواحی گاؤں وطنہ میں پیش آیا۔ جہاں ملزم صائم اپنے آٹھ ساتھیوں کے ہمراہ بہن کے گھر داخل ہوا اور اندھا دھند گولیاں برسادیں، جس سے بینش اور اس کا شوہر اویس موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ملزمان خوف و ہراس پھیلانے کے لیے علاقے میں بھی فائرنگ کرتے رہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مرکزی ملزم صائم اور اس کے ايک ساتھی عنصر کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں دوہرے قتل کی واردات جائیداد کا تنازع معلوم ہوتی ہے تاہم حتمی وجوہات تفتیش کے مراحل مکمل ہونے پر سامنے آئیں گے۔
دوسری جانب مغلپورہ میں نامعلوم شخص کو قتل کر کے لاش نہر میں پھینک دی گئی۔ پولیس کے مطابق مغلپورہ کے قریب نہر میں تیرتی لاش دیکھ کر مقامی افراد نے ریسکیو کو اطلاع کی۔ ریسکیو ٹیموں نے نہر سے لاش نکال کر پولیس کے حوالے کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملنے والی لاش کی شناخت نہیں ہو سکی، البتہ 35 سالہ شخص کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا اور پھر لاش نہر میں پھینک دی گئی۔ مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی جس پر پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔