عابد چودھری:لاہور کے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) سید عبدالرحیم شیرازی نے ہیلمٹ قوانین پر ناقص عملدرآمد کے معاملے پر 6 ٹریفک انسپکٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔ نوٹسز سیکٹر انچارجز انارکلی، مزنگ اور گڑھی شاہو سمیت متعلقہ افسران کو جاری کیے گئے۔
سی ٹی او لاہور نے مختلف سیکٹرز کا دورہ کر کے ٹریفک انتظامات اور ہیلمٹ کمپلائنس کا جائزہ لیا، جس کے دوران بعض علاقوں میں ہیلمٹ قوانین پر تسلی بخش عملدرآمد نہ ہونے پر متعلقہ افسران سے جواب طلب کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ماڈل روڈز پر 97.11 فیصد موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ استعمال کرتے ہوئے پائے گئے۔ ڈیوس روڈ پر ہیلمٹ کمپلائنس 98.83 فیصد، فیصل چوک پر 98.81 فیصد، ڈاکٹر ہسپتال کے قریب 98.63 فیصد، کینال ویو پر 97.53 فیصد اور آواری ہوٹل چوک پر 97.23 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب مین بلیوارڈ پر 92.22 فیصد، جیل روڈ نہر پل پر 90.60 فیصد جبکہ کینال فیروزپور روڈ پر 90.78 فیصد ہیلمٹ کمپلائنس ریکارڈ کی گئی، جس پر سی ٹی او نے مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ کے استعمال سے ہیڈ ٹراما کے کیسز میں 40 فیصد تک کمی آئی ہے، جبکہ جان لیوا ٹریفک حادثات میں 73 فیصد متاثرین موٹرسائیکل سوار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا مقصد ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔