عابد چودھری: غازی آباد کے علاقے میں بچے کو شور کرنے سے منع کرنے کا تنازع مسلح تصادم میں تبدیل ہوگیا، جہاں پانچ سے زائد مسلح افراد نے شہری ریان کے گھر پر حملہ کر دیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزم احمد ولید نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور بعد میں شہری ریان پر بھی گولی چلا دی۔ فائرنگ اور مبینہ تشدد کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعے کی ابتدا اس وقت ہوئی جب شہری نے ایک 10 سالہ بچے کو آوازیں نکالنے اور شور مچانے سے منع کیا۔ الزام ہے کہ بچہ بعد ازاں اپنے ساتھ بڑے افراد کو لے آیا، جس کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔
واقعے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم متاثرہ فریق کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔