رانا آزر:سپورٹس بورڈ پنجاب نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں قائم میس ہال کی توسیع کا کام تیزی سے جاری رکھا ہوا ہے تاکہ ہاسٹلز میں مقیم کھلاڑیوں کو بہتر اور کشادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق موجودہ میس ہال میں ایک وقت میں صرف 80 سے 100 افراد کے بیٹھ کر کھانا کھانے کی گنجائش تھی، جس کے باعث جگہ کی کمی کے سبب کھلاڑیوں کو مختلف شفٹوں میں کھانا فراہم کرنا پڑتا تھا۔
جاری توسیعی منصوبے کے بعد میس ہال کی گنجائش بڑھ کر 250 سے 300 افراد تک ہو جائے گی، جس سے بڑی تعداد میں کھلاڑی ایک ہی وقت میں کھانا کھا سکیں گے اور انہیں انتظار یا شفٹوں کی زحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
منصوبے کے تحت میس ہال میں کھلاڑیوں کے لیے جدید ٹی وی لاؤنج بھی قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ سٹور روم کو ختم کرکے اسے میس ہال کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ کچن کی توسیع کا کام بھی جاری ہے تاکہ کھانے کی تیاری اور فراہمی کے انتظامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔
واضح رہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے ہاسٹلز میں تقریباً 350 کھلاڑیوں کی رہائش کی گنجائش موجود ہے، اور میس ہال کی توسیع سے ان تمام کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔