ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار 6,438 پوائنٹس کی بڑی کمی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار 6,438 پوائنٹس کی بڑی کمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  اشرف خان: امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی منفی اثرات مرتب کیے، جس کے باعث ہفتہ بھر سرمایہ کاروں کا رجحان محتاط رہا اور مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔

ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ایک ہفتے کے دوران 6 ہزار 438 پوائنٹس یعنی 3.50 فیصد کمی کے بعد ایک لاکھ 75 ہزار 802 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 81 ہزار 148 جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 73 ہزار 349 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران مارکیٹ میں 171 ارب روپے مالیت کے 3.69 ارب شیئرز کا کاروبار ہوا، جبکہ مارکیٹ کی مجموعی مالیت (مارکیٹ کیپٹلائزیشن) 712 ارب روپے کم ہو کر 19 ہزار 790 ارب روپے رہ گئی۔

معاشی اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 64 کروڑ 90 لاکھ ڈالر خسارے میں چلا گیا، جبکہ مئی 2026 میں 50 کروڑ ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب آٹو سیکٹر میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں جون 2026 کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 741 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔ گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 4 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سرمایہ کاروں کی سرگرمیوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ میوچل فنڈز نے ہفتے بھر میں 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کیے، جبکہ انفرادی سرمایہ کاروں نے تقریباً 99 لاکھ ڈالر اور غیر ملکی کارپوریٹس نے 92 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے۔