ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تاجروں کے ایک گروپ نے کل شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال واپس لے لی

تاجروں کے ایک گروپ نے کل شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال واپس لے لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: حکومت اور تاجرتنظیموں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے،تاجروں کے ایک گروپ نے کل شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

 صدر ایف پی سی سی عاطف اکرام شیخ نے بزنس کمیونٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہاکہ پورے پاکستان کی ٹریڈ باڈیز ہمارے ساتھ ہیں،فیڈریشن کسی کے ساتھ لڑائی جھگڑا نہیں کرنا چاہتی تھی،ہم چاہتے تھے کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے،فنانس ایکٹ کی مختلف ترامیم پر ہمارے تحفظات تھے ،حکومت نے فنانس ایکٹ کے آرٹیکل 37 اے پر نظر ثانی کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے ،اس معاملے پر چار رکنی کمیٹی قائم کی جائے گی،فنانس ایکٹ کے آرٹیکل 40 بی پر بھی نظر ثانی کا اعلان کیا گیا ہے،ان کاکہناتھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ان تجاویز کی حتمی منظوری دیں گے ،پورے پاکستان میں ہڑتال کا اعلان نہیں ہوگا،ہوسکتا ہے شاید ایک دو جگہوں پر ہڑتال ہو ۔

 ثاقب فیاض مگوں نے کہاکہ راولپنڈی ، اسلام آباد ، گوجرانولہ اور کوئٹہ چیمبر کے نمائندے اجلاس میں شریک تھے ،کراچی ، لاہور اور فیصل آباد چیمبرز آف کامرس کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھے،ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہڑتال نہیں کی جائے گی،حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پائی جانیوالی چپقلش ختم ہوچکی ہے ۔

 صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس ایوب میریانی نے کہاکہ ایک مہینے میں سارے مسائل حل ہوجائیں گے ،حکومتی یقین دہانی کے بعد ہڑتال کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔

 اجمل بلوچ صدر انجمن تاجران نے کہاکہ پہلی مرتبہ فیڈریشن اور انجمن تاجراں ایک ساتھ کھڑے ہیں،ہم نے ابھی ملک گیر ہڑتال کا اعلان نہیں کیا،ابھی ملک گیر ہڑتال کی ضرورت نہیں ہے ،تاجر برادری کے مسائل مشترکہ ہیں،ہارون اختر نے چار نکات پر مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،ان کاکہناتھا کہ حکومت کے ساتھ چار گھنٹے مذاکرات کیے گئے ہیں،وزیر اعظم نے ہارون اختر کو مسائل کرنے کا اختیار دیا ہے ،امید ہے کہ مسائل حل ہوجائیں گے،اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ہڑتال کریں گے ۔

 سہیل الطاف ایگزیکٹو ممبر راوالپنڈی چیمبرز آف کامرس کاکہناتھا کہ حکومت ہمارے خدشات کو دور کرے گی،37 اے پر نظرِ ثانی کی اعلان کیا گیا،دو لاکھ روپے کیش کی حد کو 25 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے،انہوں نے کہاکہ ہڑتال کو موخر کر رہے ہیں، ہڑتال کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

 صدرسیالکوٹ چیمبر نے کہاکہ سیالکوٹ چیمبرز آف کامرس ہڑتال کو موخر کرنے کا اعلان کرتا ہے ،ہم اپنے مطالبات پر قائم ہیں، حکومت نے ہماری تجاویز کو سنا ہے ۔

 صدر ملتان چیمبرنے کہاکہ تاجر برادری کے پانچ بڑے مطالبات ہیں،تاجر برادری کے مطالبات کو حکومتی ٹیم کے سامنے رکھا گیا ہے، حکومت کا رویہ مثبت ہے ہڑتال کو موخر کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔