3 کم سن بہنوں کا مبینہ قتل، پولیس نے بھائیوں کو گرفتار کرلیا

3 کم سن بہنوں کا مبینہ قتل، پولیس نے بھائیوں کو گرفتار کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عامر ڈوگر  : مظفرگڑھ میں 3 کم سن بہنوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، پولیس نے قتل ہونے والی لڑکیوں کے تین بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔ 

مظفرگڑھ کی تھرمل کالونی کے ایک رہائشی کوارٹر سے 3 کم سن بہنوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچیاں کل شام سے لاپتہ تھیں۔ گھر سے صرف 20 فٹ دوری پر لاشوں کی برآمدگی اور اہلخانہ کی لاعلمی کیس کے حوالے سے مزید سوالات کو جنم دے رہی ہے۔

علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کل شام سے بچیوں کو تلاش کررہے تھے، یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اس کالونی میں آج تک ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت تھانہ سٹی میں درج کرلیا گیا۔ مقدمہ پولیس کے سب انسپکٹر سجاد احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ بچیوں کے بھائی باسط کی جانب سے بچیوں کی گمشدگی کی اطلاع پر تھانہ سٹی نے تھرمل کالونی میں سوموار کی رات سرچ آپریشن کیا.صبح بچیوں کے بھائی نے بتایا کہ ملحقہ کوارٹر کا تالہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو بچیوں کی لاشیں پڑی تھیں۔  نامعلوم ملزمان نے نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر 3 بچیوں کا قتل کیا۔ 

 پولیس نے تفتیش کے لیے بچیوں کے 3 بھائیوں کو بھی حراست میں لیا ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں جلد تمام حقائق سامنے آجائیں گے.

وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کا واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔