(ویب ڈیسک) 20 ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے ساتھ شروع ہونے والا آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اپنے سب سے دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ گروپ اسٹیج کی ہنگامہ خیز جنگ کے بعد اب دنیا کی ٹاپ 8 ٹیمیں ‘سپر 8’ کے لیے میدان میں اُترنے کو تیار ہیں۔بھارت اور سری لنکا کی سرزمین پر کھیلا جا رہا یہ ٹورنامنٹ پہلے ہی کئی بڑے اپ سیٹس دیکھ چکا ہے، جن میں آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیم کا باہر ہونا سب سے حیران کن تھا۔اب سیمی فائنل کی چار سیٹوں کیلئے جنگ ہو گی، جہاں گروپ 1 اور گروپ 2 کی ٹیمیں ایک دوسرے کو چیلنج کریں گی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سپر 8 مرحلے کے لیے ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیڈنگ کی بنیاد پر گروپ پہلے ہی طے ہو چکے تھے، جس سے اب بڑے میچوں کی تصویر صاف ہو گئی ہے۔
گروپ 1: بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں۔۔۔۔۔۔گروپ 2: پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بار گروپ 2 کو ‘گروپ آف ڈیتھ’ سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ یہاں پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور گھریلو حالات کا فائدہ اُٹھانے والی سری لنکا جیسی بڑی ٹیمیں موجود ہیں۔ یہاں سے ٹاپ دو میں جگہ بنانا کسی بھی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج ہوگا۔ دوسری جانب گروپ 1 میں ٹیم انڈیا کا پلڑا سب سے بھاری نظر آ رہا ہے۔ بھارت نے گروپ اسٹیج میں پاکستان کو ہرا کر اپنا دبدبہ ثابت کیا ہے۔ ایکسپرٹ کے مطابق بھارت اور جنوبی افریقہ اس گروپ سے سیمی فائنل کے مضبوط امیدوار ہیں، تاہم ویسٹ انڈیز اپنے دن پر کسی بھی ٹیم کو حیران کن شکست دے سکتی ہے۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سپر 8 کی جنگ 21 فروری سے شروع ہو کر 1 مارچ تک جاری رہے گی۔ ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر تین ٹیموں کے ساتھ ایک ایک میچ کھیلے گی۔ دونوں گروپوں سے ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے اپنی جگہ پکی کریں گی۔سپر 8 کا مرحلہ شائقین کیلئے آنے والے10دن ہائی وولٹیج ڈرامہ اور جوش و خروش سے بھرپور ہوں گے۔
21 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان، شام 6.30بجے، کولمبو
22 فروری: انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا، دوپہر2.30 بجے، کینڈی
22 فروری: بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ، شام 6.30بجے، احمد آباد
23 فروری: زمبابوے بمقابلہ ویسٹ انڈیز، شام 6.30 بجے، ممبئی
24 فروری: انگلینڈ بمقابلہ پاکستان، شام 6.30بجے، کینڈی
25 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ سری لنکا، شام 6.30بجے، کولمبو
26 فروری: جنوبی افریقہ بمقابلہ ویسٹ انڈیز، دوپہر2.30 بجے، احمد آباد
26 فروری: بھارت بمقابلہ زمبابوے، شام 6.30بجے، چنئی
27 فروری: انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ، شام 6.30بجے، کولمبو
28 فروری: پاکستان بمقابلہ سری لنکا، شام 6.30بجے، کینڈی
1 مارچ: زمبابوے بمقابلہ جنوبی افریقہ، دوپہر 6.30بجے، دہلی
1 مارچ: بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز، شام 6.30بجے، کولکتہ