فاران یامین: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں صرف ایک روز باقی ، انگلینڈ کرکٹ ٹیم میگا ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئی۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سخت سکیورٹی حصار میں ایئرپورٹ سے پی سی ہوٹل منتقل کیا گیا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کپتان جوس بٹلر کی قیادت میں لاہور پہنچی ہے۔ 31 رکنی انگلینڈ ٹیم، جس میں کھلاڑیوں اور سٹاف سمیت ہیڈ کوچ برینڈن میکلولم اور ٹیم منیجنگ ڈائریکٹر رابرٹ کی بھی ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں، دبئی کے راستے لاہور پہنچی۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے گروپ میچ لاہور اور کراچی میں کھیلے گی۔ انگلینڈ کا افتتاحی میچ 22 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کا دوسرا میچ 26 فروری کو افغانستان کے خلاف لاہور میں شیڈول ہے، جبکہ آخری گروپ میچ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ ٹیم میں جوس بٹلر، جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، ٹام بینٹن، ہیری بروک، برائیڈن کارس، بین ڈکٹ، جیمی اوورٹن، جیمی اسمتھ، عادل رشید، لیام لیونگ اسٹون، جو روٹ، ثاقب محمود، فل سالٹ، اور مارک ووڈ شامل ہیں۔