ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو وائرل ؛ صوبائی وزیر ترقی نسواں کا نوٹس

 گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو وائرل ؛ صوبائی وزیر ترقی نسواں کا نوٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 سٹی 42: کراچی میں گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائر ل ہوئی ۔جس کے بعد  ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا 

شہر قائد کے علاقے بفرزون میں گھر کی سیڑھیوں پر گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ویڈیو میں ایک شخص کو خاتون پر تشدد کرتے ہوئے دکھائی دیا جبکہ تشدد کرنے والے شخص کے ہمراہ خاتون اسے روکنے کی بھی کوشش کرتی نظر آئی۔یہ واقعہ بفرزون کے سیکٹر 15 بی میں پیش آیا اور گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والے شخص کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی۔

گبول ٹاؤن پولیس نے واقعہ کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کرلیا جبکہ مذکورہ واقعہ 11 دسمبر کو پیش آیا تھا۔ ایس ایچ او گبول ٹاؤن راؤ خالد نے بتایا کہ پولیس نے متاثرہ گھریلو ملازمہ یاسمین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مدعیہ نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ گھروں  میں صفائی ستھرائی کا کام کرتی ہے اور 10 دسمبر کو مکان نمبر آر 530 سیکٹر 15 بی بفرزون میں پہلی منزل پر رہائشی افتخار کے گھر کا کام کے دوران دوسری منزل کی رہائشی شمسہ زوجہ نعمان سے معمولی باتوں پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد وہ اگلے روز 11 دسمبر کو اپنے کام کاج پہنچ کر کام کاج ختم کر کے گھر جانے کے لیے سیڑھیوں سے نیچے آرہی تھی کہ شام ساڑھے چار بجے نعمان آیا اور مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔خاتون کے مطابق نعمان نے انہیں سیڑھیوں پر  دھکا دیا اور لغویات بھی بکیں جبکہ مجھے اہل محلہ نے چھڑوایا ۔ مجھے چہرے اور جسم کے پر اندرونی چوٹیں آئیں اور بعد علاج معالجہ رپورٹ کرنے آئی ہوں۔ جس پر گبول ٹاؤن پولیس نے نعمان نامی شخص کے خلاف مقدمہ نمبر 217 سالہ 2025 بجرم دفعات 504 ، 354 اور 337 اے آئی کے تحت مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن  پولیس کے حوالے کر دیا۔

ایس ایچ او راؤ خالد نے بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس نے متعدد بار مذکروہ گھر پر چھاپہ مارا ہے تاہم مقدمے میں نامزد ملزم گھر کو تالا لگا موقع سے فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
صوبائی وزیر ترقئی  نسواں سندھ شاہینہ شیر علی  نے  بفرزون میں خاتون پر تشدد کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لے لیا ۔ شاہینہ شیر علی نے پولیس سے رابطہ کیا اور واقعے کی تفصیلات طلب کرلی۔ 

 پولیس نے بتایا کہ ویڈیو میں تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون مسماۃ یاسمین گھروں میں ملازمت کرتی ہے،ابتدائی معلومات کے مطابق مسماۃ یاسمین کا ملزم نعمان کی اہلیہ سے کسی معاملے پر تکرار ہوئی تھی۔خاتون ملازمہ جیسے ہی دوسرے گھر سے کام نمٹا کر فارغ ہوئی تو سیڑھیوں پر منتظر ملزم نعمان نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا،  خاتون ملازمہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، میڈیکل رپورٹ پیر کو موصول ہوگی،صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی کی پولیس کو قابل مذمت واقعے کی فوری شفاف انکوائری کی ہدایت کردی ۔

شاہینہ شیر علی نے کہا ویڈیو میں ملزم واضح طور پر خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنارہا ہے، واقعے کے محرکات جو بھی ہوں، خاتون پر جسمانی تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ملزم کو فوری گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔