کوئنز روڈ(عرفان ملک )جدید ٹیکنالوجی، وسائل اور گاڑیوں سمیت پنجاب کی سب سے بڑی نفری کیساتھ بھی اے کیٹیگری کے 800 سے زائد اشتہاری آزاد، لاہور پولیس نومبر میں اے کیٹیگری کے صرف 54 اشتہاری پکڑ سکی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق اقبال ٹاؤن ڈویژن اشتہاریوں کی گرفتاری میں سب سے پیچھے رہا، کینٹ ڈویژن نے اے کیٹیگری کے 3 اشتہاریوں کو گرفتار کیا، ماڈل ٹاؤن ڈویژن نے 6، سٹی ڈویژن نے 7 اشتہاری پکڑے، سول لائنز ڈویژن نے 10، صدرڈویژن نے 28 اشتہاری پکڑے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور پولیس کو مطلوب 809 اے کیٹیگری کے اشتہاری مفرور ہیں۔ آئی جی پنجاب کئی بار پولیس کو اشتہاریوں کی گرفتاری کاٹاسک دے چکے ہیں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پرپنجاب پولیس ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ لاہور میں ون ویلنگ کے سب سے زیادہ 1364مقدمات درج ہوئے،1401افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ہوائی فائرنگ کے 597 مقدمات درج ہوئے، 946افراد گرفتار کیے گئے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں، غیر قانونی کاموں کا حصہ نہ بننے دیں، شہری ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے متعلق 15 پر اطلاع کریں۔