عرفان ملک:لاہور پولیس نے ناجائز اسلحہ، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ رواں سال کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش سمیت ہوائی فائرنگ میں ملوث 37 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر کے مختلف تھانوں میں قانون شکن عناصر کے خلاف 4 ہزار 800 سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 19 کلاشنکوف، 95 رائفلیں، 120 گنیں، 4 ہزار 109 ریوالور اور 20 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ پرامن معاشرے کے قیام کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ غیر قانونی اسلحہ ڈیلرز اور بغیر لائسنس ورکشاپس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے شہریوں سے قانون کا احترام کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔