(در نایاب) کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال کےپیش نظرواسا کو ریونیو ریکوری میں پچھترفیصد شارٹ فال کا سامنا ہے، واسا روزانہ دوکروڑکی بجائےصرف چالیس لاکھ کےلگ بھگ اکٹھا کرنےلگا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال کےباعث اپریل کےماہ میں گزشتہ ماہ کی ریکوری کےتناسب سےاٹھارہ روزمیں حیران کن حد تک کمی ہوئی ہے، واسا اٹھارہ روز میں صرف سات کروڑ بیس لاکھ اکٹھےکرسکا، واسا کو گزشتہ ماہ مارچ میں مجموعی طور پرآٹھ کروڑ ریونیو ریکوری کےشارٹ فال کا سامنا رہا۔
ذرائع کے مطابق فروری کےمہینےمیں واسا نے پچاس کروڑ کی ریکارڈ ریکوری کی تھی ، مارچ کے ماہ میں واسا اکتالیس کروڑ سےزائد ہی ریونیو اکٹھا کرسکا، رواں ماہ روزانہ کی ریکوری کےتناسب کی بنیاد پرواسا کو اپریل میں بارہ کروڑ سےزائد اکٹھا ہونے کی توقع ہے، دوسری جانب واسا نے پنجاب حکومت سےایک ارب دس کروڑ کی سبسڈی پر مشتمل بیل آوٹ پیکج مانگ رکھا ہے۔
واسا کو ڈیلی ریونیوگراف میں واضح کمی کےباعث پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، موجودہ صورتحال اور لاک ڈاؤن طویل ہونےسے واسا کو مزید مالی خسارےاورآپریشنل امور چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، علاوہ ازیں ڈائریکٹرریکوری دانش چودھری واسا حکام کو ریکوری میں بہتری لانےکےلیےکوئی تجویزنہ پیش کرسکے، واسا کے پاس مناسب ریونیو ریکوری پلان نہ ہونا، شہریوں کا معاشی مشکلات کے باعث بلوں کی ادائیگی نہ کرنا شارٹ فال کا سبب بنا ۔