ویب ڈیسک : پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ہفتے میں 3 دن سکول بند رکھنے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کے روز سکول بند رکھنے سے کوئی خاطر خواہ بچت نہیں ہوگی۔
ایک انٹرویو میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب کے وزیر تعلیم کی حیثیت سے ابھی تک ان کے سامنے سکول 3 دن بند رکھنے سے متعلق کوئی تجویز نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے بھی درخواست ہے کہ تعلیم کے شعبے کو ایسی پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا جائے اور سکول معمول کے مطابق جاری رہنے چاہییں۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ جمعہ کے دن سکول بند رکھنے سے ڈیزل یا دیگر اخراجات میں کوئی خاص بچت نہیں ہوگی، کیونکہ سرکاری سکولوں کے تقریباً 90 فیصد بچے پیدل سکول جاتے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ نجی سکولوں کے تقریباً 90 فیصد بچے بھی پیدل سکول جاتے ہیں، اس لیے سکولوں کو بند رکھنے سے ایندھن کی بچت کا مقصد حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ تعلیم کے شعبے کو ضرور مستثنیٰ قرار دیا جائے اور سکول ہفتے کے تمام مقررہ تدریسی دنوں میں جاری رہنے چاہئیں۔