سٹی42: کل تک پاکستان پر تنقید کرنے والا بھارتی میڈیا اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی تعریفیں کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ "ہینڈ شیک تنازع" پر مؤقف اپناتے ہوئے، بھارتی میڈیا نے اس تبدیلی کو پاکستان کی "سفارتی جیت" قرار دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پی سی بی کے سخت مؤقف اور ممکنہ بائیکاٹ کی دھمکی کے بعد مؤقف میں تبدیلی کی اور متنازع میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایشیا کپ کے باقی میچز سے ہٹا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اینڈی پائیکرافٹ کی جگہ اب سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ یہ فیصلہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے گروپ میچ سے قبل سامنے آیا۔
یہ تنازع 14 ستمبر کو پاک بھارت میچ کے دوران اس وقت کھڑا ہوا جب ٹاس کے وقت اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے شیک ہینڈ سے انکار کیا اور پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر کو ہدایت دی کہ یہ لمحہ کیمرے میں ریکارڈ نہ ہو۔ اس رویے کو پی سی بی نے جانبدارانہ اور غیرپیشہ ورانہ قرار دیا۔
پاکستان کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے اس رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، جس پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل نے مبینہ طور پر کہا کہ انہیں یہ ہدایات بھارتی کرکٹ بورڈ یا حکومت کی طرف سے ملی ہیں۔
ابتدائی طور پر بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی پاکستان کی درخواست مسترد کر چکی ہے، لیکن بعد میں صورتحال اس وقت بدلی جب پی سی بی نے واضح کر دیا کہ اگر ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے باقی میچز نہیں کھیلے گا۔
اب بھارتی میڈیا بھی یہ تسلیم کر رہا ہے کہ "پاکستان کی ہینڈ شیک تنازع میں فتح ہوئی ہے"، اور آئی سی سی کو پاکستان کے مؤقف کے سامنے جھکنا پڑا۔ پی سی بی کی حکمت عملی، واضح مؤقف اور دباؤ نے اس حساس معاملے میں ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے، جس کا اثر نہ صرف موجودہ ایشیا کپ پر پڑے گا بلکہ مستقبل میں بھی پاکستان کی کرکٹ ڈپلومیسی کو تقویت دے گا۔