(سعود بٹ) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے لاہور بیورو کے دورہ کے بعد نیب کی بڑی کارروائی، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کے خلاف غیرقانونی اثاثوں کا ریفرنس منظوری کےلیے ہیڈ کوارٹرارسال کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے پنجاب کے سینئر پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ریفرنس منظوری کیلئے ہیڈکوارٹر ارسال کردیا۔ گزشتہ روز چیئرمین نیب کے لاہوربیورو کے دورے پرکمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے ان سے زبانی منظوری حاصل کی ،ذرائع کے مطابق علیم خان کیخلاف 1 ارب 40 کروڑ مالیت کے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس تیار کیا گیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ریفرنس میں علیم خان کے نام اندرون و بیرون ملک متعدد اثاثہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ ان کے دو مبینہ فرنٹ مین عمرفاروق اورعمیر کے ذریعے پارک ویو سوسائٹی میں ہیر پھیر کے شواہد حاصل کئے گئے ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق 400 سے 500 متاثرین کے پلاٹوں کو معروف ہائوسنگ سوسائٹی میں منتقلی کرتے ہوئے مزکورہ فرنٹ مین نےعلیم خان کو کروڑوں روپے کا غیرقانونی انداز میں فائدہ پہنچایا۔