سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نجی شعبہ کاروبار چلائے گا اور حکومت کاروباروں کے فروغ کے لیے ہر طرح کی سہولت فراہم کرے گی، فرسٹ ویمن بینک نجکاری کے بعد نئی مینجمنٹ کے تحت تیزی سے ترقی کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی اور حکومت پاکستان کے درمیان فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زید بن ہمدان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
وزیراعظم نے صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد شیخ زاید بن سلطان النہیان پاکستان کے سچے اور مخلص دوست تھے، شیخ محمد زید ہمیشہ پاکستان کیلئے سوچتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ شیخ محمد زید منصوبے اور تجارت کا فروغ چاہتےتھے، اور شیخ محمد بن زید النہیان کا دل بھی پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فرسٹ ویمن بینک آف پاکستان کی نجکاری بارش کا پہلا قطرہ ہے اور یہ ہمارے طویل اقتصادی تعلقات کے فروغ ، جوائنٹ وینچرز، اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جانب ایک خوشگوار سفر کا آغاز ثابت ہوگی، جس سے دونوں فریقین کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھےامید ہے کہ اب فرسٹ ویمن بینک انتہائی پیشہ ورانہ مینجمنٹ اور ویژنری لیڈرشپ کے تحت تیزی سے ترقی کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دو برادر ممالک کے درمیان ترقی و خوشحالی اور خوشی کے سفر کا آغاز ہے، مجھے معلوم ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین متعدد منصوبے زیرغور اور پائپ لائن میں ہیں، اور آنے والےدنوں میں ہم اس نوع کی مزید تقاریب کا انعقاد کررہے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا پورٹ فولیو ہے جس پر میری گہری نظر ہے کیونکہ ہمیں اپنے ریاستی کاروباری اداروں کو مکمل طور پر ری اسٹرکچر کرنا ہے، جو صحیح طور پر نہیں چل پارہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبہ کاروبار چلائے گا اور حکومت کاروباروں کے فروغ کے لیے ہر طرح کی سہولت فراہم کریں گے، مگر خود کاروبار نہیں کرے گی۔