سٹی42 : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں پی آئی اے کے کرایوں میں اضافے پر اراکین نے شدید برہمی کا اظہار کیا، شگفتہ جمعانی نے کہا میں نے پی آئی اے سے سفر کرنا چھوڑ دیا، اب افورڈ نہیں کر سکتی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے گورنمنٹ ایشورنسز کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر نزہت صادق کی زیر صدارت ہوا
اجلاس میں وزارتِ توانائی، مواصلات، اطلاعات اور پارلیمانی امور کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں گیس کی فراہمی، ایل پی جی سلنڈرز کے معیار، اور موٹرویز پر زائد کرایوں کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پی آئی اے کے کرایوں میں اضافے پر اراکین نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
رکنِ قومی اسمبلی شگفتہ جمعانی نے کہا کہ “کراچی سے اسلام آباد پی آئی اے کی ون وے ٹکٹ 60 ہزار سے کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں غلط کہوں تو مجھ پر لعنت، کراچی کے تمام اراکین تصدیق کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے پی آئی اے سے سفر کرنا چھوڑ دیا، اب افورڈ نہیں کر سکتی۔
دوسری طرف اجلاس کے دوران پی آئی اے حکام نے وضاحت دی کہ کراچی سے اسلام آباد اوسط کرایہ 25 سے 27 ہزار روپے ہے۔