عرفان ملک:لاہور پولیس نے ہڑتال کی کال کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح وارننگ دی ہے کہ شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور احتجاج کی آڑ میں کسی کو بھی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں کی جان، مال اور املاک کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی صورت میں قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سی سی پی او نے واضح کیا کہ آج تمام مارکیٹس اور کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور اگر کسی نے سڑکیں، دکانیں یا ٹرانسپورٹ بند کروانے کی کوشش کی تو فوری ایکشن لیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نفرت انگیز تقاریر، غیر قانونی مواد اور لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر قانون حرکت میں آئے گا، اور ایسے عناصر قانون کی آہنی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔