سٹی 42: نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے یہ ذمہ داری دی گئی ۔ آج بڑا جمود ٹوٹاہے ،سیاست میں نئی حرارت آئی ہے ۔
نئے منتخب وزیراعظم آزادکشمیر نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا 9 ماہ کیلئے حکومت لینا آسان فیصلہ نہیں تھا۔میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے یہ ذمہ داری دی گئی۔وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا آج ایک بڑا جمود ٹوٹا ہے، سیاست میں نئی حرارت آئی ہے۔سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد میں موجودگی ہمارے عزم کی دلیل ہے۔سابق وزیراعظم سے اختلافِ رائے کھل کر کیا، اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔وزیر اعظم کا قلم دیر سے انگڑائی لیتا رہا، فیصلے تاخیر کا شکار رہے۔میرے پاس نیت بھی ہے، لچک بھی ہے اور ارادہ بھی کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔
نو منتخب وزیر اعظم نے کہا ایکشن کمیٹی ایک حقیقت ہے، عوامی مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔آج محسوس ہوتا ہے کہ شاید ہم سب مراعات یافتہ طبقے سے لگتے ہیں۔میں نے اپنے والد کا مکان بیچ کر الیکشن لڑا۔جو میرے اثاثے ہیں ان میں اضافہ نہیں ہو گا، اقتدار ذاتی فائدے کیلئے نہیں۔عوام نے اعتماد کیا ہے، اب کارکردگی سے جواب دینا ہو گا۔