ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عیدالاضحیٰ سکیورٹی پلان، ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

عیدالاضحیٰ سکیورٹی پلان، ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چوہدری:  ڈی آئی جی آپریشنز  فیصل کامران کی زیرصدارت عیدالاضحیٰ سکیورٹی پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی آپریشنز، ایس پیز سکیورٹی، ڈولفن سکواڈ، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہر میں امن و امان، شہریوں کے تحفظ اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مویشی منڈیوں، عیدگاہوں، بازاروں، تفریحی مقامات اور شہر خاموشاں کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی، مشکوک افراد کی نگرانی اور اہم شاہراہوں، پارکوں و عوامی مقامات پر پٹرولنگ مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے خواتین کیلئے فرینڈلی پولیسنگ اور خصوصی پٹرولنگ سکواڈز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی اُنہوں نے منشیات فروشوں، آئس سپلائرز اور سٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور  ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کو عید تعطیلات کے دوران ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رکھنے کے ساتھ کالعدم تنظیموں، مشکوک افراد اور غیرقانونی کھال کیمپوں پر کڑی نگرانی رکھنے کا حکم بھی دیا۔

اجلاس میں غیرملکی باشندوں اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی سخت بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جبکہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔