سٹی 42 : وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان برطانیہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور ترقیاتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا خیر مقدم کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ تعلقات اور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آہنی دیوار کی طرح کھڑا ہے ۔
وزیر داخلہ نے اپ سکیل پروگرام کے تحت خصوصی تعاون پر برطانوی حکومت کے اقدام کو سراہا ، کہا کہ اپسکیل پروگرام منظم جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پروگرام کے تحت غیر قانونی امیگریشن، بچوں سے متعلق آن لائن ہراسانی، میوچوئل لیگل اسسٹنس و ایکسٹراڈیشن، کریمنل ریکارڈ کے تبادلے،غیر قانونی فنڈنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں پر باہمی اشتراک سے کام کیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہاکہ اپ سکیل پروگرام کے تحت دونوں ممالک کے مابین سریس اور منظم جرائم کی روک تھام میں تعاون کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں، نیشنل کرائم ایجنسی کے تعاون سے اے این ایف نے 4.3 ٹن افیون پکڑی ہے جس کی مالیت 22 ملین پاؤنڈ بنتی ہے ۔
برطانوی وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ اپسکیل پروگرام کامیابی سے جاری ہے ۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سمیت دیگر حکام بھی ملاقات میں شریک تھے ۔