ویب ڈیسک: صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا ہے کہ بہادر مسلح افواج نے پیشہ وارانہ مہارت سے سرزمینِ وطن کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جاتی امرا میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں عرفان صدیقی نے نواز شریف کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے سیاسی تقسیم کو بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند ہے۔
پاکستان کی پارلیمنٹ نے نہایت مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے۔ عوامی نمائندوں نے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے ہماری بہادر افواج کا حوصلہ بڑھایا۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں، اللہ نے ہمیں اس آزمائش میں سرخرو کیا۔ پاکستانی میڈیا نے سچ پر مبنی بیانیہ دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔
انہوں نے قومی یکجہتی اور اتحاد کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے تمام اداروں اور سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔