علی ساہی :صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 24 گھنٹوں میں بڑی کامیابی حاصل کی گئی۔ پولیس نے 10 خطرناک گینگز کے 24 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا جس میں کلاشنکوف، پستول، رائفلز اور بندوقیں شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 122 ہتھیار اور بڑی تعداد میں گولیاں قبضے میں لی گئیں۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے 30 موٹر سائیکلیں، 15 موبائل فونز، 5 مویشی اور نقدی بھی برآمد کی ہے۔ اس کے علاوہ 321 اشتہاری مجرمان، 149 عدالتی مفرور اور 68 عادی مجرموں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
پولیس مقابلوں اور دیگر کارروائیوں کے دوران 4 خطرناک مجرمان کیفر کردار کو پہنچے، 4 زخمی ہوئے جبکہ 3 کو گرفتار کیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کی ان کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔