( فخر امام ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا، رہنما پی ٹی آئی شعیب صدیقی روبکار لے کر جیل پہنچے، جہاں قانونی کارروائی کے بعد علیم خان کو رہا دیا گیا، اس دوران کارکنان کی کثیر تعداد نے علیم خان کا بھرپور استقبال کیا اور نعرے بازی کی۔
عبدالعلیم خان کی کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے وقت کارکنان کی کثیر تعداد نے سابق وزیر عبدالعلیم خان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، اس سے قبل رہنما پی ٹی آئی شعیب صدیقی روبکار لے کر کوٹ لکھپت جیل پہنچے، ان کا کہنا تھا کہ علیم خان کی آئندہ ہفتے عمران خان سے ملاقات متوقع ہے۔
رہائی کے بعد کارکنان کی جانب سے علیم خان اور پارٹی کے حق میں نعرے بازی کی گئی جبکہ کارکنان کی جانب سے بکروں کا صدقہ اور کبوتر بھی چھوڑے گئے۔
عبدالعلیم خان کا رہائی کے وقت کہنا تھا کہ اللہ نے انہیں سرخرو کیا ہے، جبکہ رہائی کے وقت قیادت موجود نہ ہونے کے سوال پر علیم خان کا کہنا تھا کہ قیادت نہیں کارکنان ہی اصل طاقت ہوتے ہیں، آپ کا اصل رشتہ کارکنوں سے ہوتا ہے۔ رہائی کے بعد عبد العلیم خان کارکنوں کے ہمراہ قافلے کی صورت کوٹ لکھپت جیل سے اپنی رہائش گاہ پہنچے۔
یاد رہے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے علیم خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے نیب نے عبدالعلیم خان کو آف شور کمپنی اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 6 فروری کو گرفتار کیا تھا۔