سٹی 42 : کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) انٹیلیجنس ونگ نے کراچی میں تاج کمپلیکس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ٹی ٹی پی الخوارج کے ایک اہم کارکن خلیل الرحمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ حکام نے بتایا کہ خلیل الرحمان کا تعلق ٹی ٹی پی کے نور ولی اللہ گروپ سے ہے اور ملزم نے دسمبر 2024 میں مزار قائد اعظم سمیت دیگر علاقوں کی ویڈیوز بنا کر افغانستان بھیجی تھیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم نے افغانستان میں دہشت گردی کی تربیت بھی حاصل کی تھی اور وہ کراچی میں مختلف سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ خلیل الرحمان ڈیفنس کے علاقے میں ٹی ٹی پی الخوارج کی چاکنگ میں بھی شامل تھا۔
گرفتاری کے بعد ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔
سی ٹی ڈی کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب نے کہا کہ ملزم کو انٹیلیجنس معلومات، ٹیکنیکل بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔