شاہد سپرا: سولر صارفین کے کنکشنز پر نیٹ میٹرنگ معاہدوں کے برعکس بلنگ کیے جانے کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ نے 8 فروری تک زیر التواء کیسز کے حل کیلئے نیا آن لائن پورٹل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، پورٹل کے تحت تمام دفاتر سے ٹھوس شواہد کیساتھ دستاویزات وصول کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی دستاویزات کی بنیاد پر صارفین کو نیٹ میٹرنگ پالیسی کے مطابق بلنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کی مبینہ نااہلی کے باعث نیٹ میٹرنگ معاہدوں کے برعکس بلنگ فارمولا نافذ کیا گیا، جس سے متعدد صارفین کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے صارفین کے ساتھ بجلی کی پیداوار کے حوالے سے نیٹ میٹرنگ پالیسی کے تحت معاہدے کیے تھے، تاہم بعد ازاں کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کر کے بلنگ فارمولا کے تحت بلنگ کا طریقہ کار بدل دیا گیا،لیسکو نے نیٹ میٹرنگ پر "بلنگ" کرنے کی بجائے نیٹ بلنگ پالیسی رائج کر دی تھی، 8 فروری تک جمع ہونے والی درخواستوں پر نیٹ میٹرنگ پالیسی کے مطابق معاہدے اور لائسنس حاصل کیے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق کنکشن انرجائز ہونے کے بعد بلنگ سے متعلق دستاویزات آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کی گئیں، لیکن بلنگ کیلئے کنکشن کمیشن ہونے کی تاریخ کو بنیاد بنا کر حساب کتاب کیا گیا، جس کے باعث کئی صارفین کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔