عابد چودھری: لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈولفن سکواڈ نے ساندہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ موبائل سنیچر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق گرفتار ملزم ذیشان پبلک ٹرانسپورٹ میں شہریوں کو موبائل فونز سے محروم کرکے فرار ہو جاتا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 چوری شدہ موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری بھی موقع پر پہنچ گیا جس نے ملزم کی شناخت کر لی۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
گرفتار ملزم ذیشان کو برآمد شدہ موبائل فونز سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ساندہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔