ثمرہ فاطمہ: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی اطلاع دیتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بھی بارش کے امکان کا اظہار کیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عاطف ارشاد کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس رہے ہیں جبکہ لاہور میں بھی موسم تبدیل ہونے اور بارش کے امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو سے تین روز تک لاہور کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، تاہم فی الحال لاہور میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال کا کوئی خطرہ موجود نہیں۔
عاطف ارشاد کا کہنا تھا کہ موجودہ موسمی صورتحال معمول کے مطابق ہے اور شہریوں کو گرمی کے باوجود ہیٹ ویو سے متعلق غیر ضروری تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں مون سون سیزن کے آغاز کا امکان جولائی کے پہلے ہفتے میں ہے، جس کے بعد مختلف علاقوں میں بارشوں کی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہیں اور بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔