درنایاب: مون سون سیزن کے پیش نظر پنجاب بھر کے واسا اداروں کے افسران نے تربیتی سیشن میں شرکت کے لیے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہیں بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات سے متعلق خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔
تربیتی سیشن کے دوران ڈائریکٹر مدثر جاوید نے مختلف شہروں سے آئے افسران کو مون سون سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے شہری علاقوں میں بارشی پانی کے بروقت نکاس کو یقینی بنانے، ہنگامی ردعمل کو مؤثر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔
افسران کو WASA کے مون سون کنٹرول روم کے آپریشنل میکنزم سے آگاہ کیا گیا، جبکہ جدید ڈیجیٹل رین گیجز کے ذریعے بارش کی مسلسل نگرانی کے نظام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
تربیتی سیشن میں لائیو مانیٹرنگ سسٹم اور مختلف مقامات پر نصب لائیو کیمروں کے ذریعے صورتحال پر نظر رکھنے کے طریقہ کار کی مکمل وضاحت کی گئی۔ اس کے علاوہ مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس کے قیام، انتظامات اور عوامی سہولت کے اقدامات پر بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
حکام نے بارشوں کے دوران فوری ردعمل، بین الادارہ جاتی رابطوں اور مختلف محکموں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کے نظام پر خصوصی سیشن کا انعقاد کیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
تربیتی سیشن کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ مون سون سیزن میں عوامی مشکلات کم کرنے اور شہریوں کو بہترین نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ واسا حکام کے مطابق ادارہ مون سون چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام افسران کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
تربیتی پروگرام میں مون سون تیاریوں کے تمام اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور افسران کو عملی اقدامات کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔