علی ساہی: لاہور سمیت پنجاب بھر کے نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے، پنجاب حکومت نے 16 سے 18 سال عمر کے نوجوانوں کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ٹریفک پولیس رواں ہفتے سے نوجوانوں کو موٹر سائیکل چلانے کیلئے یہ خصوصی پرمٹ جاری کرے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ رکھنے والے نوجوان صرف 125 سی سی تک کی موٹر سائیکل یا سکوٹی چلانے کے اہل ہوں گے۔ پرمٹ کی سالانہ فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ درخواست گزار کے پاس سمارٹ کارڈ یا ب فارم ہونا لازمی ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ والدین کے تحریری اجازت نامے کے بغیر جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔ پرمٹ کے حصول کیلئے امیدواروں کو پہلے سائن ٹیسٹ اور بعد ازاں روڈ ٹیسٹ دینا ہوگا، کامیاب امیدواروں کو موقع پر ہی پرمٹ جاری کر دیا جائے گا۔
وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنے قریبی لائسنسنگ سینٹر سے رجوع کرکے پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرمٹ ہولڈرز ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں جبکہ موٹر سائیکل پر انڈیکیٹرز اور سائیڈ ویو مررز بھی موجود ہونے چاہئیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے خبردار کیا کہ ون ویلنگ، ون وے کی خلاف ورزی اور خطرناک ڈرائیونگ پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ سنگین یا بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔
یہ اقدام نوجوانوں کو قانونی طریقے سے ڈرائیونگ کی سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے ذریعے سڑکوں پر محفوظ سفر کو فروغ دینے کیلئے کیا گیا ہے۔