ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈیفنس موڑ پر ٹریفک روانی بہتر بنانے کیلئے بڑے اقدامات، گنجائش 9 ہزار گاڑیاں فی گھنٹہ تک بڑھانے کا منصوبہ

ڈیفنس موڑ پر ٹریفک روانی بہتر بنانے کیلئے بڑے اقدامات، گنجائش 9 ہزار گاڑیاں فی گھنٹہ تک بڑھانے کا منصوبہ
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی:ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبے بھر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے سلسلے میں ڈیفنس موڑ کا دورہ کیا، جہاں انہیں روڈ انجینئرنگ اور ٹریفک سے متعلق دیرینہ مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ترجمان کے مطابق سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈیفنس موڑ پر مجوزہ روڈ انجینئرنگ منصوبے کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور نے ٹیپا، سی ای او والٹن کنٹونمنٹ بورڈ  کے حکام سے ہونے والی ملاقاتوں اور باہمی مشاورت کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

حکام کے مطابق ٹریفک کے بہاؤ کو مؤثر بنانے کے لیے روڈ ڈیزائن اور ٹریفک مینجمنٹ میں متعدد تبدیلیوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت ڈیفنس موڑ پر ٹرننگ لین کی چوڑائی 22 فٹ سے بڑھا کر 33 فٹ کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مجوزہ روڈ انجینئرنگ مکمل ہونے کے بعد اس مقام پر گاڑیوں کی گزرنے کی صلاحیت 6 ہزار سے بڑھ کر 9 ہزار گاڑیاں فی گھنٹہ ہو جائے گی۔ اسی طرح گاڑیوں کی اوسط رفتار 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 40 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

منصوبے کے تحت ٹریفک جام میں بھی نمایاں کمی آئے گی اور گاڑیوں کی قطاروں کی لمبائی موجودہ 400 سے 600 میٹر کے مقابلے میں کم ہو کر 100 سے 150 میٹر تک رہ جائے گی۔ شہریوں کے لیے ڈیفنس موڑ کراس کرنے کا دورانیہ 85 سے 110 سیکنڈ سے کم ہو کر 45 سے 60 سیکنڈ تک آ جائے گا، جبکہ مجموعی سفری وقت 5 سے 6 منٹ کے بجائے صرف 2 سے 3 منٹ رہ جانے کا امکان ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ جدید ٹریفک مینجمنٹ اور روڈ انجینئرنگ اقدامات نہ صرف شہریوں کے سفر کو آسان بنائیں گے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر کاربن اخراج میں بھی نمایاں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔