عرفان ملک:ایف آئی اے لاہور زون کا انسانی سمگلرز کے گرد شکنجہ سخت۔ چھاپہ مار کاروائی میں 6 غیر قانونی ٹریول ایجنٹس 55 پاسپورٹس سمیت گرفتار۔
ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کی بڑی کارروائی، چھاپہ مار کارروائی میں 6 غیر قانونی ٹریول ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا۔
چھاپہ مار کارروائی لاہور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر ٹھوکر بائی پاس پر کی گئی، گرفتار ملزمان میں عمران خان، نوید آزاد، عبدالشکور، شفیق احمد، ناصر حسین اور زاہد اقبال شامل ہیں۔
ملزمان سے 55 عدد پاکستانی پاسپورٹ و دیگر دستاویزات برآمد ہوا، ملزمان سے موبائل فونز اور دیگر ریکارڈ بھی برآمد کر لیا۔
ملزمان بغیر لائسنس شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر پاسپورٹس اور بھاری رقوم وصول کر رہے تھے، گرفتار ملزمان دیگر ساتھیوں طارق یعقوب اور تجمل حسین کے ساتھ ملی بھگت سے غیر قانونی کاروبار چلا رہے تھے۔
ملزمان برآمد ہونے والے پاسپورٹس و دیگر دستاویزات کے حوالے سے حکام کو تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے، چھاپہ مار کارروائی ڈائریکٹر لاہور زون کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔
ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر لاہور زون ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلرز کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کر دی گی ہیں، گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔