ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کی معروف کمپنی البئراک گروپ کے صدر احمد البئراک نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ البئراک نے لاہور میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں. اپنے گزشتہ دور میں ہم نے لاہور کے رہائشیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کیں. لاہور میں بین الاقوامی سرمایہ کاری سے جدید سفری سہلویات، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور روزگار کے مواقع پیدا کئے.
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے چار سالہ تاریک دور میں لاہور سے دانستہ طور پر بدلہ لیا گیا.بین الاقوامی کمپنیوں کو بے جا ہراساں کیا گیا. کمپنیوں کو تباہ کرکے سیاسی بھرتیوں سے اداروں کو تباہ کیا گیا.
البئراک گروپ کے وفد نے پاکستان میں دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما خواجہ حسان، ترک البئراک گروپ کے صدر کے علاوہ کمپنی بورڈ ممبرز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم کے حالیہ دورہ ترکیہ کے دوران البئراک گروپ نے وزیرِ اعظم کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی اور جلد پاکستان کے دورے کے بارے میں آگاہ کیا تھا.