ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی وی کے نامور میزبان طارق عزیز انتقال کر گئے،آخری ٹویٹ بھی کیا

پی ٹی وی کے نامور میزبان طارق عزیز انتقال کر گئے،آخری ٹویٹ بھی کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42)دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں۔آپ کو طارق عزیز کا سلام پہنچے کہنے والی آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی،پاکستان مسلم لیگ نون کے سابق ایم این اے اور پروگرام نیلام گھرکےمعروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کر گئے ۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے نیوز کاسٹر اور مشہور پروگرام " نیلام گھر" کے میزبان طارق عزیز  حرکت قلب بند ہونے سے84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے, طارق عزیز کے انتقال کی تصدیق اہلخانہ کے کی،  طارق عزیز کا پروگرام " بزم طارق عزیز" 1974 میں شروع ہوا طارق عزیز 1997 سے 1999 تک ممبر قومی اسمبلی بھی رہے، طارق عزیز کو 1992 میں انکی بہترین فنی خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔

وہ 1936 میں بھارت کے شہر جالندھر میں پیدا ہوئے تھے، ان کے والد میاں عبد العزیز 1947 میں پاکستان ہجرت کر آئے تھے، طارق عزیز نے ابتدائی تعلیم ساہیوال سے حاصل کی تھی۔جس کے بعد انہوں نے1964 میں ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنے پیشہ وارانہ کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔

انتہائی نفیس شخصیت طارق عزیز نے ریڈیو سے کیریئر شروع کیا جبکہ 1974 میں نیلام گھر شو کا آغاز کیاوہ پی ٹی وی کے پہلے اینکر ہونے کا بھی اعزاز رکھتے تھے۔انہیں پروگرام نیلام گھرسے ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔ طارق عزیز شاعری بھی کرتے تھے اور انکا حافظہ بھی کمال کا تھا، ان کو اردو کے ہزاروں اشعار ازبر تھے۔ انتقال سے قبل طارق عزیز کا ٹویٹ بھی سامنا آیا جس کے بعد ان کا ٹویٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا گیا۔

طارق عزیز نے اپنی وصیت میں لکھا تھا کہ چونکہ ان کی کوئی اولاد نہیں ہے اس لیے وہ اپنے تمام اثاثے و املاک پاکستان کے نام کرتے ہیں۔ طارق عزیز نے 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں پاکستانی فلموں میں سائیڈ رولز میں اداکاری بھی کی،ان کی سب سے پہلی فلم انسانیت جو 1967میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں انہوں نے اداکار وحید مراد اور اداکارہ زیبا بختیار کے ساتھ کام کیا تھا ، ان کی دیگر مشہور فلموں میں سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں، ہار گیا انسان قابل ذکر ہیں۔ 1992 میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے طارق عزیز کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور ٹویٹ کرتے ہوئے کہا  طارق عزیز کی رحلت کے بارے میں جان کر نہایت افسردہ ہوں۔ وہ اپنے دور کی ایک نامور شخصیت اور ٹیلی ویژن پر تفریحی پروگرام (ٹی وی گیم شو) کے موجد تھے۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےمعروف کمپیئر، آرٹسٹ طارق عزیز کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، ان کا کہناتھا کہ  طارق عزیز ایک ہمہ جہت شخصیت کے حامل تھے، طارق عزیز ایک باکمال کمپیر، آرٹسٹ، شاعر اور ادیب تھے ،مالک ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔صدرمسلم لیگ ن میاں شہبازشریف نے بھی نامور ہوسٹ طارق عزیزکےانتقال پراظہارافسوس کیا، شہباز شریف نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے۔

علاوہ ازیں وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نےمعروف میزبان، شاعر و ادیب طارق عزیز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،ان کا کہناتھا کہ طارق عزیز دل کے صاف اور ہر دل عزیز شخصیت تھے۔ طارق عزیز پی ٹی وی کے بانیوں میں سے تھے۔آپ پی ٹی وی کے پہلے اناونسر، نیلام گھر کے میزبان ، اداکار اور سیاستدان تھے۔اللہ تعالی طارق عزیز صاحب کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔ایسے لوگ روز روز نہیں پیدا ہوتے۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے بھی  طارق عزیز کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  طارق عزیز کی ملک و قوم کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔گور نر سندھ عمران اسماعیل کاکہناتھا کہ نیوز کاسٹر ،ٹی وی کمپئیر،شاعر اور ادیب طارق عزیز کے انتقال پر دلی دکھ ہوا،اللّہ تعالی سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل عطا فرمائے، طارق عزیز ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔

گورنر سندھ  کا کہناتھا کہ انہوں نے نیلام گھر اور بزم طارق عزیز کے ذریعہ ٹی وی کمپئیرنگ کو بام عروج تک پہنچایا۔ پاکستان ٹیلی ویژن کی مقبولیت میں ان کا نمایاں کردار تھا ۔وہ ایک نہایت اچھے انسان ہونے کے ساتھ ساتھ معروف شاعر بھی تھے۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پر نہیں ہوسکے گا۔

M .SAJID .KHAN

Content Writer