سٹی42: ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے کے باوجود ٹیچنگ ہسپتالوں کے بجٹ میں اس شرح سے اضافہ نہ ہوسکا، مطلوبہ مقدار میں ادویات نہیں خریدی جاسکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل ادویات کی قیمتوں میں دو گنا سے زائد اضافہ ہونے کے باوجود حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران ٹیچنگ ہسپتالوں کو اس کے مطابق ادویات کا بجٹ فراہم نہیں کیا، بیشتر ہسپتالوں کے ادویات کے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ جنرل ہسپتال کو ادویات خریداری کی مد میں ایک ارب 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اور کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، اسی طرح چلڈرن ہسپتال کو 80 کروڑ، لیڈی ایچی سن 10 کروڑ، لیڈی ولنگڈن کو ساڑھے چھ کروڑ، ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ کو 13 کروڑ 30 لاکھ، نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ کو 20 کروڑ اور سید مٹھا ہسپتال کو 9 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں جو موجودہ مالی سال کے دوران بھی اتنے ہی تھے۔
بجٹ میں صرف پی آئی سی کیلئے ادویات کا بجٹ سب سے زیادہ ایک ارب 50 کروڑ منظور کیا گیا ہے اور ریکارڈ 30 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے اس کے بعد میو ہسپتال کا ادویات کا بجٹ ایک ارب 28 کروڑ کیا گیا ہے اور 17 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے اس کے علاوہ دیگر ٹیچنگ ہسپتالوں میں کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے بجٹ میں ایک کروڑ، گنگا رام 42 لاکھ اور سروسز کے بجٹ میں 50 لاکھ کا معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔