اویس کیانی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ ڈویژن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک و قوم کی حفاظت کے لیے بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے افراد کے لیے سول ایوارڈز کی نامزدگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مجموعی طور پر 71 افراد کو مختلف سول اعزازات دینے کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کی خاطر جان نچھاور کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہماری قومی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر وطن کی بے مثال خدمت کی، قوم ان کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔ شہدائے وطن ہمارے سر کا تاج ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ غازی قوم کے ہیرو ہیں، ان کی جرات و بہادری پر پوری قوم کو ناز ہے۔ ہم شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔"
یہ اقدام نہ صرف قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ نئی نسل کو قربانی اور خدمت کے جذبے سے سرشار کرنے کی بھی ایک کوشش ہے۔