(سٹی 42)ضلعی انتظامیہ نے عید کی تیاریاں مکمل کرلیں،صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے،آلائشیں اٹھانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی، 290 کیمپس لگائے جائیں گے،9 زونز میں 15لاکھ بائیوگریڈایبل بیگز شہریوں میں تقیسم کیے جائیں گے۔
تفصیلات کےمطابق ضلعی انتظامیہ نےعیدالاضحیٰ کے موقع پر کوڑا کرکٹ کو اٹھانے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات پر خصوصی پلان تیار کرلیا ہے،عید سے 2 دن قبل شہر میں مکمل صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا،عید کے تینوں ایام میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور کھالوں کو فوری اٹھانے کا عمل بھی جاری رہے گا۔
ایل ڈبلیو ایم سی کا تمام سٹاف عید کے دنوں میں شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کے لئے ڈیوٹی پر موجود رہے گا، ایل ڈبلیو ایم سی تمام یونین کونسلز میں عید کے ایام میں کیمپس قائم کرے گی،290 کیمپس لگائے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 158 جبکہ دوسرے میں 132 کیمپس لگائے جائیں گے، جانوروں کی آلائشوں اور کھالوں کو اٹھوانے کے حوالے سے فری آف کاسٹ بیگز بھی کیمپس میں دستیاب ہوں گے۔
ڈی سی آفس میں بنائے گے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے جاری رہنے والی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے گا. جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے کے لئے عید کے ایام میں پک آپس بھی پوائنٹس پر موجود رہیں گی،عید سے دو دن قبل 57 اور عید سے ایک دن پہلے 394 پک اپس موجود رہیں گی جبکہ عید کے ایام میں پہلے روز 1200، دوسرے روز 1097 اور تیسرے روز 556 پک اپس موجود رہیں گی.
عید کے موقع پر تقریباً 450 اینڈرائیڈ موبائل کے ذریعے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا،عید گاہ اور مساجد میں صفائی و ستھرائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا،شہر کی منڈیوں اور عارضی سیل پوائنٹس پر شہریوں کو آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے ویسٹ کلیکشن بیگز دینے کی پلاننگ شروع کردی گئی ہے ،سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعیہ حیدر نے منڈیوں میں ویسٹ کلیکشن بیگز فراہمی کی ہدایت کی ہے ۔
شہر کے بڑی منڈی اور سیل پوائنٹس پر جانور خریدنے والوں کو موقع پر ویسٹ کیلکشن بیگز دینے کی تجویز دی گئی جس پر فیصلہ سازی کرتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی رواں سال 8 لاکھ کی بجائے 15 لاکھ ویسٹ کلیکشن بیگز تقسیم کرے گا ۔
دوسری جانب ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک کا اپنے ایک بیان میں کہناتھا کہ عید پر شہر کوصاف ستھرا رکھنے کا مشن ہے،ضلعی انتظامیہ کے اسسٹنٹ کمشنرز دیگر تمام افسران وعملے کی عید پر چھٹیاں منسوخ کردیں،ڈی سی کی ہدایت پرتمام اسسٹنٹ کمشنری عید پر فیلڈ میں موجود رہیں گے ۔