ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 بسنت کے لئے جامع سکیورٹی پلان تیار، تفصیلی پولیس رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع

 بسنت کے لئے جامع سکیورٹی پلان تیار، تفصیلی پولیس رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف:لاہور میں بسنت 2026 کے انعقاد کے پیشِ نظر پولیس نے ایک جامع سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے، جس کی تفصیلی رپورٹ سی سی پی او لاہور کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔ چار صفحات پر مشتمل رپورٹ میں گزشتہ 10 برسوں کے ڈیٹا کی بنیاد پر بسنت کے دوران ممکنہ خطرات، حفاظتی خدشات اور ان سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق بسنت کے موقع پر لاہور کو سکیورٹی کے اعتبار سے سرخ، پیلے اور سبز زونز میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ پر مکمل اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف کاٹن ڈور اور رجسٹرڈ پتنگوں کی اجازت ہوگی، جبکہ شیشہ، کیمیکل اور میٹل ڈور کے استعمال کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق ہر پتنگ اور ڈور کی کیو آر کوڈ کے ذریعے رجسٹریشن لازمی ہوگی، جبکہ نگرانی کے لیے ڈرونز، سوشل میڈیا مانیٹرنگ اور جدید کنٹرول رومز کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھی جائے گی۔ چھتوں پر شراب نوشی، ہوائی فائرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ اور سیفٹی وائرز لازمی ہوں گی، جبکہ ریڈ زون میں اینٹینا کے بغیر موٹر سائیکل کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ بسنت کے دنوں میں شہریوں کی سہولت کے لیے 5 ہزار رکشے مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ریسکیو اور ہیلتھ ٹیمیں بھی مکمل طور پر الرٹ رہیں گی۔جسٹس ملک محمد اویس خالد کی عدالت میں 22 جنوری کو کیس کی سماعت ہوگی.