وقاص احمد:لاہور نرسنگ کی طالبعلم سے زیادتی کی کوشش میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گلبرگ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو گلبرگ تھری کے علاقے سے ٹریس کر کے حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ 21 سالہ طالبعلم قذافی اسٹیڈیم کے قریب ایک نجی کلینک میں پارٹ ٹائم کام کرتی تھی۔ واقعے کے روز وہ فیروزپور روڈ پر ڈیوٹی سے فارغ ہونے کے بعد سواری کا انتظار کر رہی تھی کہ ملزم نے اسے اکیلا دیکھ کر زیادتی کی کوشش کی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا تھا کہ ملزم نے لڑکی کو زمین پر گھسیٹا جس کے باعث اس کے بازوؤں اور ٹانگوں پر چوٹیں آئیں۔ متاثرہ کی مزاحمت اور شور مچانے پر ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم آکاش کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی سٹی شہربانو نقوی کے مطابق کیس کو جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔