سٹی42: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں مودی سرکار کو ایسا سبق سکھایا کہ وہ زندگی بھر نہیں بھولیں گے۔
ہری پور میں بہترین سٹوڈنٹس میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے قوم کی دعاؤں سے فتح حاصل کی، دلی سے لےکرممبئی تک بھارت یہ شکست کبھی بھول نہیں پائےگا۔
سٹوڈنتس کی محفل میں معرکہ حق پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان نے 6 سے 10 مئی کی جنگ میں مودی سرکار کو جو سبق سکھایا وہ کبھی نہیں بھولے گی۔ اللہ نے قوم کی دعائیں سنی اور 10 مئی کو فتح دلائی اور پاکستان کو عزت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے قوم کی دعاؤں سے فتح حاصل کی، دہلی سے بمبئی اور بنگال سے گجرات تک ہندوستان یہ شکست کبھی فراموش نہیں کر سکے گا، افواج پاکستان کی بہادری اور اس فتح کو تاریخ اور تاریخ دان یاد کرتے رہیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جب میں نے نوجوان سٹوڈنٹس میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنا شروع کئے تو بعض لوگوں نے فقرے کسے یہ یہ رشوت دے رہے ہیں، مین نہیں رکا، لیپ ٹاپ مستحق سٹوڈنتس کو دیتا گیا، چھ لاکھ لیپ ٹاپ سٹوڈنٹس کے ہاتھوں میں پہنچ گئے تو بڑی تبدیلی آ گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین سے ایک ہزار بچے زراعت کی اعلیٰ ٹریننگ لے کر آئے ہیں جبکہ پنجاب سے بھی 600 نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنے کیلیے سرکاری خرچ پر بھجوایا، نوجوان نسل ملک کی ترقی کی ضمانت ہیں، میرا ایمان ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر کسی ایک یا دو صوبے سے نہیں چاروں صوبے مل کر ترقی کریں گے تو پاکستان ان شاء اللہ عظیم بنے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ اے آئی (مصنوعی ذہانت) کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو ملک سے باہر بھیج دوں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت میں بہتری لے کر آنی ہے، جو ہوگیا سو ہوگیا ہمیں اب چیلنج کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے، عسکری سطح پر جس طرح آگے نکل گئے اسی طرح معاشی میدان میں بھی آگے نکلنا ہوگا، ملکی معیشت تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے۔
شہباز شریف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی ترقی کسی جادو ٹونے سے ممکن نہیں، ہم معاشی طور پر آگے بڑھیں گے اور یہ جادو ٹونے سے نہیں بلکہ محنت سے ہوگا۔ ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔ معیشت منجدھار سے نکل آئی اور اب مستحکم ہورہی ہے اسے مزید آگے لے کر جانا ہے، پاکستان کی ترقی اتحاد سے ممکن ہے، چاروں صوبے ترقی کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ہری پور کے لیے لڑکیوں کے لئے الگ اور لڑکوں کیلئے الگ دانش اسکول تعمیر کروانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہری پور میں بچوں اوربچیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ دانش اسکول بنائیں جائیں گے۔